Pages

Time

جہاد قلم کا خطرناک فریب! - علامہ المشرقی



جہاد قلم کا خطرناک فریب!

مسلمان نوجوانو! میں قوم کے پچھلے ایک سو برس کے ناکارہ پن کا سب سے بڑا مجرم قوم کے ناکارہ اور ناکاربرآلہ ’’ادب‘‘ کویقین کرتاہوں۔ میرا حسابی اندازہ ہے کہ:
’’پچھلے دوقرنوں کی سب سے بے عملی کی صحیح بناء وہ خواب آور اور جمودانگیز ’’اسلامی ادب‘‘ ہے جس کے نشے نے قوم کے جسم کی باریک رگوں تک سے کسب وعمل کا آخری خون سکوڑ لیا ہے ۔۔۔۔۔۔! ناعاقبت اندیش اورناحقیقت شناس مسلمان نے ایک ہزار برس کے جہادبالسیف سے پیدا کی ہوئی سلطنت کو اسلئے اس قدرجلد ہار اکہ اسکے رہنماء تلوارچھوڑکرقلم کے دھنی بن گئے۔ مغلیہ سلطنت کا آخری بے نام ونشان بادشاہ اپنے آباؤ اجداد کے تہلکہ انگیزکارناموں کو بھول کر ایک ادنیٰ عشق گواور قافیہ ساز لغونویس بن گیا تھا۔ الغرض وراثت زمین کا بلند نصب العین زمین شعر پرکا غذی گھوڑے دوڑاکر بدل گیا۔ تخیل کی اس شرمناک پستی نے ہندوستان میں مسلمانوں کی حکومت کا تخت چشم زدن میں الٹ دیا۔ا س دن سے آج تک قوم’’جہاد قلم‘‘ کی خطرناک فریب میں گرفتار ہے۔
دین اسلام کرداروعمل کی بلند سطح سے اتر کرقول و قلم کے چکر میں پھنسا ہے۔مسلمان کی دنیا اس قدربدلی ہے کہ اس کو دنیا سے ادنی سروکار نہیں رہا۔ آنکھیں نگاہوں کی بہشت الہی کاغذوں کے میدانوں میں ڈھونڈ رہی ہیں۔ ذہنی عیاشیوں نے اعضاء ہمہ تن شل کردیئے ہیں۔ اب تو قوم کے جس میدان فکر کی طرف نظر دوڑاؤ علم وادب حکمراں ہے، کتب ورسالے ہیں، تفاسیراورتشریحیں ہیں، مکتب و مدرسے ہیں، مضامین و مباحث کے چٹخارے ہیں، ذہنوں پر ہرشےکوپڑھنے کا سرور ہے، قومی مسائل اور مشکلات پر لکھنے کاسرورہے۔ قومی مرثیہ خوانی، قومی شاعر، قومی مورخ، قومی مناظر، قومی مبلغ، قومی خادم، قومی واعظ، قومی مفکر، قومی نقاد، قومی ایڈیٹر اورجرنلسٹ، قومی صحافی اور مصنف اور قومی لیڈر اور رہنماء۔ الغرض قوم کو فتح وظفرکی آخری منزل تک پہنچانے کیلئے قلم اور زبان کی سب جدیدترین توپیں اور طیارے موجود ہیں۔ نامردی اور نامرادی کی اس عظیم الشان طاعون میں قوم کے سب نوجوان چل رہے ہیں، نوجوان ابل رہے ہیں کہ ہرطرف زندگی کی چلبلاہٹ ہے، قسمت ہنس رہی ہے کہ اس قوم کی سزا یقینا موت ہے!‘‘۔

مفکر اعظم علامہ مشرقی ؒ